حافظ نعیم الرحمٰن کا الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر صدر کا دورہ، نوجوانوں سے ملاقات
7دن پہلے
حافظ نعیم الرحمٰن کا الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر صدر کا دورہ، نوجوانوں سے ملاقات
امیر جماعت اسلامی کو اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میںکروائے جانے والے کورسزسے متعلق آگاہ کیا گیا، حافظ نعیم نے نوجوانوں کا حوصلہ بڑھایا
نوجوان کوئی بھی کام کریں ایمانداری اختیار کریں ،اللہ اپنے راستے پر چلنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑتا :حافظ نعیم الرحمٰن کی نوجوانوں سے گفتگو
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پینوراماسینٹر صدر میں نئے قائم کیے گئے ’’ الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر‘‘ کا دورہ کیا اور وہاں طلبہ سے ملاقات کی ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف شیخ،چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر الخدمت مائیکروفائنانس پروگرام یوسف محی الدین ،سینئر منیجر محمد طارق اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کو بتایا گیا کہ پینوراما سینٹر کے اسکل ڈیولپمنٹ میں موبائل، لیپ ٹاپ رپیئرنگ، اے سی اینڈ ریفریجریشن اور انگلش لینگویج کورسز کروائے جا رہے ہیں، جس کا مقصد نئی نسل کو ہنر مند بنانا ہے، نوجوان ہنر سیکھنے میں نہ صرف دلچسپی لے رہے ہیں بلکہ اپنے اچھے مستقبل کیلئے بھی پرامید ہیں ۔اس مو قع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے ان نوجوانوں کو اپنے اور اپنے خاندان کیلئے آگے بڑھنے اور کچھ کرنے کیلئے ان کا جذبہ بڑھایا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ قابل قدر ہیں کہ آپ اپنے بہتر مستقبل کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔اپنے خاندان کی کفالت کرنا چاہتے ہیں ،حلال رزق کا حصول اور اس کی جستجو کرنا ہمارا حق ہے۔ آپ زندگی میں جب بھی اپنا کاروبار یا کوئی بزنس کریں تو بے ایمانی کو کبھی بھی اپنے قریب نہ آنے دیں، ایمانداری کو اختیار کریں۔ ایمانداری سے کام کرنے میں جو برکتیںآپ کو حاصل ہوں گی اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے راستے پر چلنے والوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے، زندگیوں میں مشکلات آتی ہیں راستے تنگ ہوتے ہیں ،وقتی پریشانیاں ہوتی ہیں لیکن جب آپ اس پر مضبوطی سے قائم رہتے ہیں تو تمام مشکلات دور ہو جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نئی نسل کو پڑھانا ،سکھانا اور آگے بڑھانا چاہتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی کرنا چاہتے ہیں ۔



