مافیاز حکومتی سرپرستی میں عوام کو لوٹ رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
7دن پہلے
مافیاز حکومتی سرپرستی میں عوام کو لوٹ رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
فارم 47 کی حکومت نے استحصالی نظام مسلط کررکھا ہے
عوامی حقوق کی تحریک جاری رہے گی،امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت مافیاز کی سرپرستی کر رہی جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ فارم 47 کی حکومت نے ملک پر ظلم، جبر، بدعنوانی اور استحصالی نظام مسلط کر رکھا ہے، جماعت اسلامی کی ملک گیر پرامن عوامی تحریک جاری رکھے گی۔مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت 200 سے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے، آئی پی پیز مافیا اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
مرکزی تربیت گاہ کے شرکا اور جمعہ مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں کرپشن، بدعنوانی اور مافیا راج نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ مافیا نے پہلے کسانوں سے سستی گندم خریدی اور پھر عوام کو مہنگا آٹا فروخت کرکے اربوں روپے کمائے، جبکہ حکومت خاموش تماشائی نہیں بلکہ ان عناصر کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بددیانتی اور کرپشن اوپر سے نیچے تک سرایت کر چکی ہے، جس کے باعث عوام کو ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طاقتور طبقے، وڈیرہ شاہی اور اشرافیہ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ دولت مندوں کے اس نظام نے عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کے یکساں مواقع سے محروم کر دیا ہے، جبکہ حکومت نئے مواقع پیدا کرنے کے بجائے عوام سے موجود مواقع بھی چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس بدعنوان، کرپشن زدہ اور گلے سڑے نظام کے حوالے نہیں کر سکتے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے اور فارم 47 کے ذریعے جیتنے والوں کے ہاتھ باندھ کر ہارنے والوں کو کامیاب قرار دیا جاتا ہے، جس سے جمہوریت اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔ اس ظلم کا مقابلہ بے سمت احتجاج سے نہیں بلکہ منظم، بااصول اور پرامن سیاسی جدوجہد سے کیا جائے گا، اور جماعت اسلامی اسی راستے پر گامزن ہے۔ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا، مگر آج اس عظیم مقصد اور شہداء کی قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کسی جرنیل، بیوروکریٹ، جاگیردار یا سیاست دان کی جاگیر نہیں بلکہ شہداء کی امانت ہے، جس کی حفاظت پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے آزاد کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے وہاں مسئلے کو ثالثی اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، مگر حکومت ایک بار پھر معاملے کو بگاڑنے پر تلی ہوئی ہے۔ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ نفرتیں جنم لیتی ہیں، اس لیے عوامی مینڈیٹ اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرول پر بھاری لیوی اور ٹیکس عوام پر ظلم ہے، جبکہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اضافی ٹیکس واپس لیے جائیں اور پیٹرول کی قیمت 200 سے 225 روپے فی لیٹر کے درمیان لائی جائے تاکہ عوام اور معیشت دونوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ استحصالی اور کرپشن زدہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی منظم جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیں، رکنیت سازی مہم کو تیز کریں اور عوامی رابطہ مہم کو وسعت دیں۔ جماعت اسلامی قانون ہاتھ میں لینے پر یقین نہیں رکھتی، لیکن ظلم، مہنگائی، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف پرامن سیاسی مزاحمت سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی اور جلد اس حوالے سے بھرپور عوامی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔



