News Detail Banner

تین ستمبر کو کامیاب ہڑتال ہوگی، تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا لاہور دھرنا سے خطاب

2گھنٹے پہلے

حکمران عیاشیاں ترک کرکے عوام کو سہولیات دیں، حافظ نعیم الرحمن

لیاقت باغ راولپنڈی میں کل جلسہ کو روکا گیا تو شہر کی سڑکیں بند کردیں گے

تین ستمبر کو کامیاب ہڑتال ہوگی، تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا لاہور دھرنا سے خطاب

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران مفت بجلی ، پٹرول ، بڑی اور مہنگی گاڑیوں کی عیاشیاں بند کرکے قوم کو ریلیف دیں، خواتین گھر چلانے کے لیے پریشان ، مریم نواز نے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، تین ستمبر کو کامیاب ہڑتال ہوگی، کل راولپنڈی لیاقت باغ کے جلسہ کو روکا گیا تو پورے شہر کی سڑکیں بند کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جاری دھرنا کے چودھویں روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دھرنا سے امیر لاہور ضیا الدین انصاری اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔ چاروں صوبائی دارلحکومتوں ، چترال ، حیدرآباد اور اندرون سندھ کے کئی مقامات پر جاری دھرنوں میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔ سخت گرمی اور حبس کے باوجود شرکاء پرجوش تھے اور انہوں نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنے دو ہفتے مکمل ہونے کے بعد اب 25 کروڑ عوام کے دھرنے بن چکے ہیں، ہڑتال کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دی جائے گی۔ جماعت اسلامی کی تحریک پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔ حکمران سمجھ رہے تھے کہ دو چار دن بعد کارکن واپس چلے جائیں گے، لیکن آج دھرنوں کو دو ہفتے مکمل ہوگئے ہیں۔ جماعت اسلامی اپنی ذات کے لیے نہیں عوام کے حقوق کے لیے دھرنے دے رہی ہے۔ حکمران طبقہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے اور پٹرولیم لیوی بھی اسی ڈاکے کی ایک شکل ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فی لیٹر پٹرول پر 80 روپے لیوی سمیت تقریباً 130 روپے کے ٹیکسز عائد ہیں، جبکہ حکمران پٹرولیم لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب روپے سے زائد بٹور چکے ہیں۔ اگر حکومت لیوی ختم نہیں کرسکتی تو جماعت اسلامی بھی دھرنے ختم نہیں کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام مہنگائی کے باعث بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں نام نہاد مفت علاج بھی دستیاب نہیں اور مریضوں کو ادویات باہر سے خریدنا پڑتی ہیں۔ خواتین اور ماؤں بہنوں کو باعزت سفری سہولیات بھی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کے پاس 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں ہونی چاہیے۔ چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے سے کوئی نہیں مر جائے گا، حکمران عیاشیاں ختم کریں۔سرکاری طبقے کا مفت پٹرول ختم کیا جائے تو ملک کو 380 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ مریم نواز کا جہاز اور چیئرمین سینیٹ کی گاڑی فروخت کرکے بھی عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
بجلی کے بحران پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 49 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب صرف 21 ہزار میگاواٹ ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے سوال کیا کہ زائد بجلی موجود ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے آئی پی پیز مافیا کو پالا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کے آئی پی پیز کے خلاف دھرنے سے ملک کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔ آئی پی پیز کے غیرمنصفانہ معاہدے ختم اور حکمرانوں کی عیاشیاں ختم کردی جائیں تو پٹرولیم لیوی لگانے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے تاجر برادری اور صنعتکاروں سے 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے تاجروں سے ملاقات ہوئی جبکہ وہ اتوار کو راولپنڈی جارہے ہیں۔ تاجر اور صنعتکار عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ہڑتال کا حصہ بنیں۔ راولپنڈی میں جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ لیاقت باغ کو تالے لگا دیے گئے ہیں اور جلسے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ حکومت لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے، جماعت اسلامی پرامن لوگ ہیں۔ پرامن جلسہ کی اجازت نہ ملی تو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس، دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر روزانہ مارچ ہوگا۔ حکومت نے ہڑتال سے مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہم نکل پڑے تو کوئی روک نہیں سکے گا، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اگر حکومت انتشار چاہتی ہے تو جماعت اسلامی کچھ نہیں کرسکتی۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں جماعت اسلامی اپنی تحریک کا دائرہ کار مزید وسیع کرتی جائے گی۔