News Detail Banner

لاہور سمیت پورا پنجاب جرائم کی آماجگاہ بن چکا،عوام کا کوئی وارث نہیں ،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

28جولائی 2021

لاہور (           )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب پولیس کے مختلف یونٹوں کے خلاف 5ہزار سے زائد شکایات آن لائن جبکہ وزیر اعظم پورٹل پر ٹریفک پولیس کے خلاف 1390شکایات موصول ہوئی ہیں۔ عوام کو درپیش مسائل اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنے والوں کے خلاف عوامی شکایات کا انبار المیہ ہے۔ محکمہ پولیس تمام تر سہولیات اور مراعات حاصل کرنے کے باوجود مطلوبہ نتائج فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔،کریمینل جسٹس کورآرڈینیشن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ لاہور سمیت پورے صوبے میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ چوری،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان بھی جرائم کی دنیا میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔ کرائم کوکنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز جرائم کی شرح میں اضافہ  تشویشناک ہے۔ لاہور کو سیف سٹی بنانے کے باوجود لوگوں کو دن دیہاڑے لوٹ لیا جاتا ہے اور کوئی روکنے والا نہیں۔ عوامی شکایات پر متعلقہ اداروں کا رسپانس انتہائی مایوس کن ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تھانے جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ رشوت کا بازار گرم ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ شریف النفس اور غریب افراد اپنے ساتھ واردات کی رپورٹ تھانے درج کروانے سے گھبراتے ہیں۔ جب تک عوام کا اعتماد بحال نہیں کیا جاتا، اس وقت تک بہتری ممکن نہیں۔