News Detail Banner

ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں وراثتوں، نصیحتوں اور وصیتوں پر چل رہی ہیں،امیرالعظیم

2سال پہلے

لاہور25اگست2021ء

    سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں وراثتوں، نصیحتوں اور وصیتوں پر چل رہی ہیں۔ جب تک عوام پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور مخلص قیادت کو آگے نہیں لائیں گے حالات نہیں بدلیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ بڑی نام نہاد سیاسی جماعتوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی بات تو سب کرتے ہیں مگر سیاسی جماعتیں اپنے اندر خود اسٹیبلشمنٹ کو پال رہی ہیں۔خاندانی وراثت کے بغیر کوئی کارکن کسی پارٹی کا کبھی صدر نہیں بن سکا،یہ اعزاز فقط جماعت اسلامی کو ہی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھی تھرپارکر میں جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔  پھانگریو چوک سے قیم جماعت کا مٹھی شہر پہنچنے پر مقامی رہنماؤں عبدالسبحان سمجھو اور میر محمد بلیدی کی زیر قیادت شاندار استقبال کیا گیا۔ 

    امیر العظیم نے کہا کہ باقی جماعتوں میں ووٹ بینک چودھریوں، وڈیروں اور جاگیرداروں کا ہے۔ حال ہی میں یہ سب لوگ نکل کر اب ایک جگہ اکٹھےہو گئے ہیں جس سے پی ٹی آئی کی حکومت عمل میں آئی ہے۔ اس حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس عوام پر مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی کا راج مسلط کیا ہوا ہے۔جب تک عوام سٹیٹس کو مسترد نہیں کریں گے اورنظریاتی پارٹیوں کا ساتھ نہیں دیں گے تب تک حالات نہیں بدلیں گے۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 80سالہ تاریخ میں اس کے کسی ایک فرد پر بھی کرپشن،قرضے معاف کرانے کا الزام نہیں لگا۔ کراچی جیسے شہر کے دو سے زائد مرتبہ مئیر جماعت اسلامی کے رہنما رہے، انھوں نے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی، محلات اوربیرون ملک اثاثے نہیں بنائے۔ دنیا کے کسی ملک میں سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے بینک اکاؤنٹ کسی دوسرے ملک میں نہیں ہوتے،مگر ہمارے ہاں چکر الٹا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور اثاثہ جات ہیں۔ یہ لوگ ملک پر مسلط ہیں اور اس کے ریسورسز کو اپنی دولت بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور انھوں نے عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کررکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ افغانستان کے عوام کو آزادی ملی ہے، اب وہاں شورائیت کا نظام ہوگا۔عوام کی مرضی سے ان کے حکمران منتخب ہوں گے۔ہمارے ملک میں ناانصافی اور ظلم کا راج ہے، مہنگائی کی انتہا ہو گئی ہے غریب عوام پس رہا ہے۔جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ملک کے اندر تفریق کا نظام ختم ہو اسی کے لیے جدوجہد کا سفر جاری ہے۔ تھرپاکر سمیت سندھ کے تمام دیہاتوں شہروں میں جماعت کے فلاحی کام عملی خدمت اور صلاحیتوں کا سب سے بڑا ثبوت ہیں۔یوم تاسیس کی تقریب میں شہر کی ہندو کمیونٹی کے معززین نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے امیر ضلع عبدالسبحان سمیجو، ضلعی نائب امیر میرمحمد بلیدی،سماجی رہنما ماما وشنو تھری،یاسین لطیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    قبل ازیں امیر العظیم نے المرکز الاسلامی مٹھی میں ضلعی اجتماعی ارکان سے خطاب کیا اور تنظیمی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے تھر میں الخدمت ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔ ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن اعجاز اللہ خان نے انھیں مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔