News Detail Banner

حکومت پنڈورا پیپرز ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کرے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور06 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امن واستحکام کے لئے ڈائیلاگ ہی پُر امن راستہ ہے، لیکن وزیر داخلہ نے امن مذاکرات سے لاعلمی کا اعلان کر کے وزیراعظم کے اعلانات کو بے نقاب کر دیا ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشیدجو بہت باخبر اور بارسوخ ہیں،نے امن مذاکرات کا کریڈٹ لینے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے بے وقعت دعوے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ جو مذاکرات کے ذریعے راہ ہموار کرے گا کریڈٹ بھی وہی لے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کا کامیاب نوجوان پروگرام ماضی کی حکومتوں کی پیلی ٹیکسی، گرین ٹریکٹر، سستی روٹی، سستے بازاروں کی سکیموں کی طرح ہی ناکام پروگرام ہے۔ کامیاب پروگرام کے لئے پہلے اعلان کیا کہ 37 کھرب روپوں سے 70 لاکھ خاندانوں کی امداد کی جائے گی، لیکن آغاز پر 14کھرب روپے اور 30 لاکھ خاندانوں کا اعلان کیا گیا۔ کرونا کوڈ 19کا امدادی پروگرام بھی ٹھس ہوا،یہ بھی خان صاحب کا ہوائی پروگرام ثابت ہوا ہے۔ قومی معیشت مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زَر، بجلی گیس،پٹرول قیمتوں میں اضافہ اور قرضوں کے بدترین بوجھ کا شکار ہے۔ عوام کو ذلت کی زندگی سے نجات کے لئے قومی ترجیحات پر اتفاق رائے کے ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنڈورا پیپرز پر عمران خان کی حکومت کے یکطرفہ اور عجلت کے اقدامات نے شکوک وشبہات پیدا کر دیئے ہیں۔ حکومت پنڈورا پیپرز ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کرے اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق جے آئی ٹی اورٹی او آرز پر عمل کیا جائے۔ تحقیقات کی تکمیل تک وزراء، سرکاری اور قومی عہدیداران کو عہدوں سے ہٹا یا جائے۔ جماعت اسلامی پانامہ لیکس، پنڈوراپیپرز اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کی رشوت، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف سپریم کورٹ اور عوام کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ حکومتی چھتری تلے کرپٹ مافیا کا تحفظ، کرپشن، رشوت، عدل وانصاف کی عدم فراہمی، مہنگائی، بے روزگاری نیز بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اخلاقی بحرانوں کو گہرا کر رہا ہے۔