News Detail Banner

انسانیت کو درپیش مسائل کا حل نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے،راشد نسیم

2سال پہلے


لاہور16 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم  نے کہا ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کو درپیش مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے۔ حضور پاکؐ رحمت العالمین تھے۔ ان کا اسوہ حسنہ انسانوں کی دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے بہترین ماڈل ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری سے نجات کے لیے سود سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد کی مبارک مسجد اور مسجد قبا جماعت اسلامی کے کارکنان اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب قیمین صوبہ سندھ عبدالوحید قریشی، طاہر مجید،ضلعی امیرعقیل احمد خان،نائب ضلعی امیر عبدالقیوم اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ دنیا میں نفسیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ایک طرف بدامنی کا راج ہے اور دوسری جانب نظام سرمایہ دارانہ شکنجوں میں جکڑا ہوا ہے۔ انسانوں کو انفرادی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ معاشرہ فلاحی ہو، جب کہ فلاحی معاشرہ کے قیام کے لیے سب سے بہترین نظام، نظامِ مصطفیؐ ہے۔ انھوں نے کہ پاکستان میں سات دہائیوں سے سودی نظام رائج ہے۔ اس نظام کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری ہے اور ملک قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دبا ہوا ہے۔ عالمی سطح پر بھی ظالمانہ سرمایہ دارانہ نظام نے پوری دنیا کے انسانوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ راشد نسیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامیان پاکستان متحد ہو کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔