News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

2سال پہلے

لاہور 30۔اکتوبر 2021

 امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کی زیر صدارت تقریب میں نومبر 2021سے اکتوبر 2024تک جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری میں پیر آف مٹیاری شریف علامہ سرہندی،نصراللہ گورائیہ، ذکر اللہ مجاہد،سید وقاص جعفری،سردار ظفرحسین،وقاص بٹ،محمد فاروق چوہان، شاہد نوید ملک، جبران بٹ، اشفاق انجم،عامر جعفری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی پڑھی لکھی، محبت وطن اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کی جماعت ہے۔ اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے میں ہمیں مولانا ابو الاعلیٰ مودود ی ؒ کا پیروکار بنایا اور دین کی خدمت کا موقع بخشا۔ ہمارا کردار اور اخلاق دونوں ہی عوام کے سامنے ہیں۔ جماعت اسلامی کی ساری جدوجہدکا محورو مرکز ملک میں نظام مصطفےٰ کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی کا ماضی تابناک اور مستقبل روشن ہے۔سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒنے جو پودا لگایا تھا آج وہ اللہ کے فضل و کرم سے ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ اس تحریک کے زیر اثر پاکستان کے اسلامی تشخص کوبرقرار رکھنے کی خاطر اور سوشلزم، سیکولر ازم کا مقابلہ کرنے کے لئے جو افراد تیار کیے گئے وہ انمول شخصیت کے مالک تھے۔جن میں میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، ڈاکٹر نذیر شہید، پروفیسر غفور احمد، پروفیسر خورشید احمد اورنعمت اللہ خان سمیت ایک لمبی فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غلبہ اسلام کی تحریک ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کے راستے پر چلنے والے کبھی ناکام نہیں ہوسکتے۔ دنیا و آخرت صرف انہی لوگوں کا مقدر ہوگی جو دنیاوی مفادات سے لاتعلق ہو کر اللہ کی خاطر فنا ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔ نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اس موقع پر کہا کہ اللہ کی نصرت کے بغیر ذمہ داریوں کے تقاضے کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ نے اس تحریک کی بنیاد اس لئے رکھی کہ انبیاء کا یہ راستہ ہے۔ 

 پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا، یہاں اللہ کا دین ہی نفاذ العم  ہوسکتا ہے۔ 74برسوں میں سوشلزم اور سیکولر ازم دونوں کو ہی آزما کر دیکھ لیا۔ اب محمد رسول اللہ کے لائے ہوئے نظام کو رائج کرنے کی باری ہے۔ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسی میں پنہاں ہے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور سوچی سمجھی سازش کے تحت اس کی بنیادوں کو کمزور کیا جارہا ہے۔ ہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو کسی طور پر بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں۔