News Detail Banner

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نائب امیر جماعت اسلامی لیاقب بلوچ کو فون

2سال پہلے

لاہور02 دسمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور گوادر بلوچستان میں مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں جاری دھرنا کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ بلوچستان حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لئے تیار ہے۔ لیاقت بلوچ نے مولانا ہدایت الرحمن سے فون پر رابطہ کیا۔ دھرنا کے شرکاء نے کہا کہ وفد آئے جو بااختیار ہو، عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں، وزیرِاعلیٰ بلوچستان اگر تربت کے دورہ کے بعد گوادر دھرنا کے شرکاء کے پاس آ جاتے، تو مسائل کا حل ہو جاتا۔ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی نے یقین دلایا کہ حکومتی وفد دھرنا کے شرکاء کے پاس جائے گا اور عوامی مسائل حل کے اقدامات کیے جائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ حکومت وقت گزاری نہ کرے، عوام کو دھوکا دینے کی بجائے مسائل حل کرے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں آئینی، جمہوری انتخابی عمل، پارلیمنٹ، عدلیہ انتظامیہ موجود ہے، لیکن فرنگی غلام ذہنیت، نو آبادیاتی ذہنیت اور آمرانہ جاگیردارانہ طرز سیاست وحکمرانی ترقی اور استحکام کے راستہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ جمہوریت، اسلام اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے محبت رکھنے والے عوام کو حق اور باطل کی پہچان کے ساتھ اپنے ووٹ کو طاقتور بنانا ہو گا۔ برادریوں،دھڑوں اور مفادات کے گروہوں میں عوام کو تقسیم کر کے عوام پر ہی عذاب مسلّط کر دیے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی، گوادر اور پورے ملک میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ہراول دستہ ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ملک وملت کو بحرانوں اور انتشاری بدحالی سے نجات دلائیں گے۔ سابق حکمران جماعتوں نے حکومت کے بعد اپوزیشن میں رہ کر بھی عوام کو مایوس کیا ہے۔ حکومت ہر محاذ پر ناکام، نااہل اورناقابلِ اعتماد ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں انتخابی اصلاحات اور بلدیاتی انتخابات کے لئے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کے پی کے پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی انتخابات کو بے وزن کر رہی ہے، سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بے جان، بے روح بنانے پر تُلی ہوئی ہے۔ بلوچستان حکومت کے لئے بلدیاتی اداروں کی کوئی اہمیت نہیں اور پنجاب حکومت آئے روز بلدیاتی نظام تبدیل کرنے، نئی قانون سازی کا بھونڈا کھیل کھیل رہی ہے۔ یہ تمام حربے بلدیاتی اداروں کو غیر اہم بنانے اور انتخابی التواء کے ہیں۔ بااختیار بلدیاتی نظام اور شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات ملکی ترقی اور استحکام کے لئے ضروری ہیں۔