News Detail Banner

بے روزگاری نے عوام کے ہوش اڑا دیے، پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تقویت دی، دونوں اطراف بری طرح ایکسپوزہو گئیں۔امیرالعظیم

1سال پہلے

لاہور22 ستمبر2022ء

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کے ہوش اڑا دیے، پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تقویت دی، دونوں اطراف بری طرح ایکسپوزہو گئیں۔ مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، قوم فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ 

منصورہ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں بے وقعت ہو چکا ہے۔ سودی نظام معیشت، کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے وسائل سے مالا مال ملک مسائلستان بن گیا ہے۔ پی ڈی ایم نے ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیے، لیکن گزشتہ چار ماہ میں ہی اشیائے خوردونوش اور بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتیں اس مقام پر پہنچا دیں کہ تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے۔ عوام پر ظلم کی انتہا ہو چکی ہے، اقتدار پر قابض ظالم اشرافیہ کو عام لوگوں کے مسائل کی کوئی پروا نہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم معیشت کی تباہی اور ملک کے مسائل میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ حکمران سیاسی جماعتیں وڈیروں کے کلبز ہیں، عوام کو ان سے بھلائی کی کوئی توقع نہیں۔ حقیقی تبدیلی صرف قرآن و سنت کے نظام سے آئے گی، اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز نظام مصطفیؐ میں ہی ہے۔ 

امیر العظیم نے کہا کہ حکمران قوم کو لڑانے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، سیلاب کے دوران بھی وفاقی اور صوبائی حکومتیں آپس میں دست و گریبان رہیں۔ حکمران مسلسل قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزمودہ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے دھوکے میں نہ آئیں اور اہل اور ایمان دار قیادت کو آگے لائیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ضرورت صرف اہل اور ایمان دار قیادت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوامی تائید سے اقتدار ملا تو پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے۔