News Detail Banner

ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز، پارٹیوں کی صورت میں گینگ اور جتھے سرگرم ہیں۔سراج الحق

1سال پہلے

لاہور28 نومبر2022ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاست دانوں کے نام پر مافیاز، پارٹیوں کی صورت میں گینگ اور جتھے سرگرم ہیں۔ باریاں لگی ہوئی ہیں، عوام کی کسی کوپروا نہیں۔ سود خوروں سے توقع نہیں کہ وہ سودی نظام ختم کریں گے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی لڑائی ذاتی مفادات کے لیے ہے، دونوں اطراف پولیس اور سرکاری وسائل اپنے اقتدار کے دوام کے لیے استعمال کر رہی ہیں، دونوں سٹیٹس کو کا تسلسل ہیں۔ حکمران جماعتوں کے پاس بہتری کا کوئی ایجنڈا نہیں، انھوں نے سالہاسال حکومت کی اور ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔ غربت، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ حکمران ہیں، جن کے پاس دکھانے کو پرفارمنس نہیں بس جھوٹے وعدوں اور دعوؤں پر عوام کو بے وقوف بنانا ان کا مقصد ہے۔ ملک کی 80فیصد سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، بڑے شہر کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گئے جہاں سانس لینا دشوار ہے، جو حکمران گلیاں صاف نہیں کروا سکتے ان کی سوچ کیسے صاف ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں معاشی ماہرین سے ملاقات اور راولپنڈی میں شاہ ہمدان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

سراج الحق نے کہا کہ ملک ساڑھے 62کھرب سے زائد کا مقروض ہے، روزانہ کی بنیادوں پر 23ارب روپے قرضہ لیا جا رہا ہے جس کا بڑا حصہ حکمرانوں کے پروٹوکول پر خرچ ہوتا ہے۔ حکمران قرض لے کر کرپشن کرتے ہیں اور بعد میں اس لوٹی ہوئی دولت سے بیرون ملک اثاثے بنائے جاتے ہیں۔ احتساب کے نام پر سیاسی کھیل جا ری ہے، آئین کی شق 62،63پر ہی نہیں پورے آئین پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کا تصور تک نہیں، طاقتور سسٹم کو آنکھیں دکھاتا ہے اور غریب کی گردن دبوچ لی جاتی ہے۔ خاندانوں کی بادشاہت قائم ہے اور مافیاز راج کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے بلوچستان سے دھوکا کیا، کراچی کے عوام کو اندھیروں میں رکھا اور قبائلی علاقوں کے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں سے نجات اور ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی، کرپشن اور سودی نظام کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس بہتری کے لیے کوئی ایجنڈا سرے سے موجود ہی نہیں، نااہلی کا تسلسل ہے۔ ملک ہر آئے روز قرضوں کی دلدل میں پھنس رہا ہے، مہنگائی بے قابو اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ معاشی و سیاسی عدم استحکام میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے، عوام پریشان، حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ قوم کو تقسیم کرو اور اقتدار پر قابض رہو کا کھیل مزید نہیں چل سکتا۔ پاکستان وسائل سے مالامال، 22کروڑ غیور عوام کا ملک ہے، نااہل حکمرانوں سے نجات مل گئی تو اسے کوئی ترقی سے نہیں روک سکتا۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جہاد کررہی ہے، عوام ہمارا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی ملک میں عدل اور انصاف پر مبنی حکومت قائم کرنا چاہتی ہے، ہمارا ایجنڈا عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے، ہم کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ سودی معیشت اور کرپشن سے نجات مل گئی تو پاکستان دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔ اسلامی نظام ملک کے مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی نے اسلامی نظام کے حق میں اور کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے، اب اس جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کا وقت آ گیا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ آزمودہ پارٹیوں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں تاکہ اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل حاصل ہو سکے۔