News Detail Banner

جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کرے گی.سراج الحق

1سال پہلے

اہور16جنوری 2023ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 15جنوری کو کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر جس اعتمادکا اظہار کیا ہے اس پر شہر کی عوام، جماعت اسلامی کراچی سمیت پورے ملک میں کارکنوں کو مبارک باددیتا ہوں۔

لوئردیر سے جاری ویڈیو پیغام میں انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کراچی انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرے گی اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرے گی۔ انھوں نے نتائج میں تاخیر اور لیت و لعل پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئے فیصلہ سازوں اور حکمرانوں کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی 2018ء کی طرح الیکشن پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دے گی اور دھاندلی ہوئی تو کراچی سمیت پورے ملک میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔ 

امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو دیر تک روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کا امتحان ہے اور اس سے عوام کے ذہنوں میں ادارہ کے بارے میں شکوک شبہات پیدا ہو رہے ہیں،عوامی مینڈیٹ کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی آئین اور قانون کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ عوام ہی کا فیصلہ آخری ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جس جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے مطابق ہی نتائج کا اعلان ہونا چاہیے۔ 

سراج الحق نے کراچی کے عوام اور تمام سٹیک ہولڈرز کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی دارالحکومت میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کا دوبارہ آغاز کرے گی اورشہر کو ماضی کی طرح روشنیوں کے شہر میں تبدیل کرے گی۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی بھرپور خدمت کی ہے اور تاریخ اس کی گواہ ہے۔ 

امیر جماعت نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں کیوں کہ اب قوم ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتی ہے اور یہ تبدیلی اسلامی نظام کی تبدیلی ہے۔ ماضی کی اور موجودہ حکومتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں ہیں، ان سے مہنگائی ختم ہوئی نہ یہ سب ملک کر ملک کی معیشت کو بہتر کر سکے، اس وقت عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں، امن و امان کی صورت حال خراب ہے اور ادارے کمزور ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن، بیڈ گورننس اور سودی معیشت ملک کے مسائل کی جڑیں ہیں، جماعت اسلامی اللہ تعالیٰ کی مدونصرت اور عوام کی تائید سے ان تمام مسائل کا حل نکالے گی اور ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت میں تبدیل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے رہایشیوں نے ملک بھر کے عوام کے لیے روشنی کی امید پیدا کی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ روشنی اب پورے ملک میں پھیلے گی۔