حافظ نعیم الرحمن کا بیس ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان، مارچ کے آغاز سے قبل پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو فیصلہ دارالحکومت کی سڑکوں پر ہوگا، فارم سنتالیس کے حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں ، عوام کو فوری ریلیف دیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی بھتہ کے خلاف بیس ستمبر کو تاریخی اسلام آباد مارچ کا اعلان کردیا۔ گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ مارچ کے آغاز سے قبل لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر ہوگا، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے ، فارم سنتالیس کے حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، عوام کو فوری ریلیف دیں بصورت دیگر حکومت گراؤ تحریک شروع ہوجائے گی۔ جلسہ عام سے امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری ، امیر گجرانوالہ مظہر رندھاوا اور دیگر راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قیادت بھی شریک تھی۔
پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے لاہور ، پشاور کراچی سمیت ملک کے بیسیوں مقامات پر جاری دھرنے جمعہ کو ستائیسویں روز میں داخل ہوگئے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کل بروز ہفتہ اسلام آباد آبپارہ چوک پر خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کرنے اور دھرنوں کو مزید توسیع دینے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں انہوں منصورہ میں جماعت اسلامی کی پورے ملک سے آئی ہوئی قیادت کے اجلاس کی صدارت کی اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی۔
گوجرانوالہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے لیے امید بن کر ابھری ہے، اناسی سال سے ملک کا حق مارنے والے حکمران جو افسرشاہی ، جاگیرداروں ، وڈیروں کی صورت سے عوام پر مسلط ہیں کو جماعت اسلامی کی طاقت کا اندازہ ہوگیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا ملک میں مزدوروں کا براحال ہے ، بچے مزدوری کرتے ہیں، ان پر تعلیم کے دروازے بند ہیں،پنجاب میں چالیس سال سے حکمران شریف خاندان بتائے ان کی فیکٹریوں میں مزدوروں کو کتنی اجرت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کے استحصال کے ساڑھے چھ ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے، صرف چند کیسز میں مجرموں کو سزا ہوئی۔ مریم نواز کہتی ہیں وہ لندن سرکاری جہاز میں اپنے خرچ پر گئی ہیں، مریم نواز کو چیلنج کرتاہوں کہ وہ اپنے اخراجات اور آمدنی کا مکمل حساب ایف بی آر کو دیں، ملک میں غریبوں پر ظلم کرنے میں شریف اور زرداری خاندان سرفہرست ہیں۔ پنجاب میں چالیس فیصد سے زائد غربت ہے ، ان حالات میں مریم نواز نے اپنے لیے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں سے پٹرولیم لیوی کی مد میں پندرہ سو سڑسٹھ اکٹھے کیے ہیں ، غریبوں سے جگا ٹیکس لینے والی حکومت بتائے کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات تک کیوں دستیاب نہیں؟ آئی ایم ایف کی شرائط کا بہانہ لگا کر عوام کو لوٹنے والے بتائیں کہ یہ خود اپنی آمدن کا حساب کیوں نہیں دیتے؟ نوے کی دہائی سے لے کر اب تک جتنی بھی حکومتیں آئیں سب سے آئی پی پیز کو نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران لیوی وصول کرنے کی بجائے اپنی عیاشیاں کم کیوں نہیں کرتے؟ جب اٹھارویں ترمیم میں اختیارات اور بہت سے محمکے صوبوں کو منتقل ہوگئے ہیں تو مرکز یہ بجٹ کیوں مختص کرتا ہے؟ حکمران سود کی لعنت ختم کیوں نہیں کرتے ایسی صورت میں کہ جب وفاقی شرعی عدالت کا واضح فیصلہ موجود ہے،صرف تین فیصد سود ختم کرنے سے ہی قومی خزانہ کو ہزاروں ارب کا فائدہ ہوگا، جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات میں یہ سب کچھ بتایا ہے، تاہم ان کے پاس ہماری دلیلوں کا کوئی جواب نہیں۔ اگر حکمرانوں کے پاس جواب نہیں تو اب عوام ان سے جواب لیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ میں تو تعلیم کا پہلے ہی برا حال تھا ، ن لیگ نے پنجاب میں بھی تعلیم کو تباہ کردیا، نویں جماعت کے نتائج میں سرکاری سکولوں کے باون فیصد طلبا وطالبات فیل ہوگئے، مریم نواز نے گیارہ ہزاروں سکولوں کو فروخت کردیا، مزید پچیس ہزار کو بیچا جارہا ہے ، بنیادی صحت کے مراکز اور ہسپتالوں پر بھی برائے فروخت کے بورڈ آویزاں ہیں ، شرط یہ ہے جو ہسپتال یا بنیادی مرکز صحت بک جائے اس پر مریم نواز کے نام کی تختی لگنی چاہیے۔ ن لیگ اور پی پی نے عوام سے تعلیم ، صحت ، روزگار چھین لیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں جماعت اسلامی پی پی کی کرپشن کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے مفاد کے لیے نہیں عوام کے لیے احتجاج کررہی ہے ، حکمران ڈرامے بند کریں اور قوم کو اس کا حق دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام متحد ہوجائیں تو ظالم حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا دیں گے۔