News Detail Banner

محرم کا مہینہ اسلامی تاریخ کے دو عظیم سانحات کی یاد دلاتا ہے۔ راشد نسیم

9مہا پہلے

لاہور24 جولائی 2023ئ

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے سید مودودی انسٹی ٹیوٹ میں شب بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم کا مہینہ اسلامی تاریخ کے دو عظیم سانحات کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے لاکھوں مربع میل پر عدل و انصاف کی حکمرانی قائم کی اور ان کی شہادت یکم محرم کو ہوئی۔ حضرت حسین ؓ نے ملوکیت کے خلاف اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلامی امت کو آئندہ کے لیے اس بیماری کے بارے میں آگاہ کر دیا جو ان کا امت پر احسانِ عظیم ہے۔ اسلام میں ملوکیت اور شخصی حکمرانی کا تصور تک نہیں، بدقسمتی سے آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مادی خواہشات کے پجاری حکمران ہیں، عوام کی کوئی پوچھ گچھ نہیں، لوگوں کا استحصال ہو رہا ہے، وسائل پر حکمران خاندان قابض ہیں، غریب فاقوں مر رہے ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر یہاں 75برسوں میں اسلامی معیارات کے مطابق جمہوریت اور عدل قائم نہیں ہو سکا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ محرم کے مہینے میں خلفائے راشدینؓ اور اہل بیعتؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں اسلام کا نظام قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی جائے، قوم آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کو موقع دے تاکہ قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو اور خوشحال، کرپشن اور سود فری اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔