News Detail Banner

ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے قومی وقار کی قربانی کسی صورت قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمن

5گھنٹے پہلے

ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے قومی وقار کی قربانی کسی صورت قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمن

پنجاب میں غربت کی شرح بیالیس فیصد ، وزیراعلیٰ نے 11 ارب کا جہاز خرید لیا

فارم 47کے حکمران نااہل بھی ہیں اور غیر مقبول بھی، عید کے بعد تحریک چلے گی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی خوشنودی کے حصول کی فضول خواہش پر فلسطین سے متعلق قومی پالیسی کی قربانی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم کی نام نہاد امن بورڈ اجلاس میں شرکت اور فوج کو غزہ بھیجنے کا فیصلہ قوم کے وقار کے منافی ہے۔ حکمران غیر مقبول بھی ہیں اور نااہل بھی ہیں ۔ فارم سنتالیس کی حکومت کے یکطرفہ فیصلوں، آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف اور موثر بلدیاتی نظام کے حق میں عید کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلے گا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں غربت کی شرح میں اضافہ ، کسانوں کی حالت زار ، سکولوں کی فروخت اور گورننس کے بحران کے باوجود وزیراعلیٰ مریم نواز کے گیارہ ارب کے پرتعیش طیارہ خریدنے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مسائل کے باوجود حکمران خاندانوں کی عیاشیوں میں کوئی فرق نہیں پڑ رہا، پورے نظام سے ہی جان چھڑانا ہوگی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مقتدرہ نے نااہل حکمران خاندانوں کو قوم پر مسلط کیا ہے، معیشت تباہ حال ہے ، گزشتہ چھ برس میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت ملک میں مجموعی لحاظ سے غربت کی شرح اکتیس فیصد جب کہ پنجاب میں بیالیس فیصد تک ہے ، پنشن میں کٹوتی کے خلاف پنجاب کے سرکاری ملازمین احتجاج کررہے ہیں، صوبہ کا کسان پریشان ہے، گیارہ ہزار سرکاری سکولوں کی نج کاری کردی گئی، صوبہ میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، انتالیس سو روپے فی من امدادی قیمت کے اعلان کے باوجود پنجاب میں کسانوں سے گندم نہیں خریدی گئی، چھوٹا کسان موجودہ گندم کی فصل کے بارے میں پریشان ہے، وزیراعلیٰ ان گھمبیر مسائل کے باوجود کارکردگی کے اشتہارات دے رہی ہیں، انہوں نے ذاتی استعمال کے لیے اربوں کا جہاز خرید لیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بے چینی اور بدامنی ہے ، عوام اور سیکیورٹی اداروں میں خلیج بڑھ رہی ہے، چاروں صوبوں کی حکومتوں کے درمیان میں بری کارکردگی کا مقابلہ جاری ہے۔ قومی معیشت مسلسل بحران کی زد میں ہے ، آئی پی پیز سے معاہدوں کے باوجود بجلی کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی، حکومت نے شمسی توانائی پر وضح پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے نیٹ میٹرنگ کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا ہے جس سے تاجر سمیت ہر طبقہ پریشان ہے، پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں بلدیاتی نظام غیر موثر ہے ۔ رمضان کے بعد عوامی بیداری کی بھرپور تحریک چلے گی ، قوم حق کے لیے بھرپور آواز اٹھائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے حکمران تو کیا اپوزیشن بھی ٹرمپ سے خوفزدہ ہے۔ افواج پاکستان کاحماس کو غیر مسلح نہ کرنے کے عمل کا حصہ بننے پر وزارت خارجہ کی وضاحت غیر منطقی ہے ، پاکستان کے حکمران ٹرمپ کو کیسے انکار کرسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں حماس کو تمام صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، اسرائیل امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، تاہم ان معاملات پر وزیراعظم شہباز شریف ایک لفظ نہیں بولے اور ٹرمپ کی تعریفوں میں مشغول رہے ، پاکستان کے حکمران قوم کے وقار کا سودا نہ کریں ، غزہ بورڈ کا حصہ بننے سے انکار کیا جائے ، حکمرانوں نے یہ فیصلہ پارلیمنٹ میں مشاورت اور کابینہ کی منظوری کے بغیر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑے ، اسی فورم پر کشمیریوں کے لیے بھی بھرپور آواز بلند کی جائے۔ ٹرمپ کی مدح سرائی کرنے والے اُس سے پوچھیں کشمیر پر ثالثی کا کیا بنا؟
صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ہونا چاہیے، سابق وزیراعظم کو علاج کی تمام سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی وزارت یا کرکٹ بورڈ کی سربراہی میں سے ایک عہدے کا انتخاب کریں، ادارہ جاتی کرکٹ کے خاتمہ سے بحران میں اضافہ ہوا، غریب نوجوان کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کی سہولت سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بنگلہ دیش جماعت اسلامی نے الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کی اور پونے تین کروڑ کے ریکارڈ ووٹ لیے۔