News Detail Banner

غریبوں پر بجلی بم گرانے کی بجائے اس کی چوری اور مفت استعمال ختم کیا جائے۔ سراج الحق

9مہا پہلے

لاہور26 جولائی 2023ئ

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آخری دنوں کو عوام کی بجائے اپنے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی15ماہ کی کارکردگی صفر ہے، حکمرانوں نے اس دوران صرف اپنے کیسز ختم کرائے۔ ترقیاتی فنڈزحکومتی ممبران کے حلقوں میں خرچ ہو رہے ہیں، الیکشن سے قبل دھاندلی کی بنیادیں رکھی جا رہی ہیں، عوام حکمرانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، تینوں نام نہاد بڑی پارٹیاں ایکسپوز ہو گئیں۔ ملک کو اہل اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی واحد آپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے مہنگائی کم کرنے کی بجائے اس میں کئی سو گنا اضافہ کر کے عوام کا جینا عذاب کر دیا۔ بجلی ٹیرف میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ غریبوں پر بجلی بم گرانے کی بجائے اس کی چوری اور مفت استعمال ختم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف جلسے جلوس اور لانگ مارچ منعقد کیے، اب حکومتی صفوں میں پراسرار خاموشی ہے۔ حکومت سے مہنگائی کم ہوئی نہ معیشت میں بہتری آئی۔ سود، کرپشن، اقرباپروری اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم ملک کے مسائل کی بڑی وجوہات ہیں، انصاف اور احتساب کا کڑا نظام متعارف کرانا ہو گا، حکمرانوں نے ان مسائل پر توجہ دینے کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کیا۔ دہائیوں سے ایک ہی طرح کے لوگ مسلط ہیں، کرپٹ نظام اور اس کے چوکیداروں کو بدلنا ہو گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا، مگر سات دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی اسے اسلامی نظام نہیں ملا۔ نام نہاد جمہوری حکومتوں اور فوجی مارشل لاز میں مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا، دو فیصد طبقات 98فیصد عوام کا حق کھا رہے ہیں، لوگوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ ایک طرف دولت کے پہاڑ ہیں اور دوسری جانب عوام نان شبینہ کے محتاج ہیں۔

سراج الحق نے بہاولپور یونیورسٹی واقعہ کی شفاف تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں پر توجہ دے کر نوجوانوں کو تباہی سے بچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے چھوٹے شہروںمیں یونیورسٹیوں اور کالجز میں نشہ سرعام فروخت ہو رہاہے جس کا اعتراف وزرا نے بھی کیا ہے، لیکن اداروں کی مینجمنٹ اور حکمرانوں کی جانب سے اس گھناﺅنے عمل کے تدارک کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، انھیں بچانا ہو گا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کرے گی۔ تعلیمی اداروں میں ریفارمز متعارف کرائی جائیں گی اور انھیں فحاشی اور نشے سے پاک کرنے کے لیے درست سمت میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔حکمرانوں سے بہتری کی کوئی توقع نہیں انھوں نے ہر شعبہ تباہ کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ مسائل اسی وقت حل ہوں گے جب ملک میں اسلامی نظام آئے گا۔ حکمران اشرافیہ اسلامی نظام کے راستے میں رکاوٹ ہیں، عوام ووٹ کی طاقت سے اس رکاوٹ کو ہٹائیں اور ان لوگوں پر اعتماد کریں جو ملک و قوم کے خیرخواہ ہیں۔ نظام بدلنا ہو گا اور جمہوری پرامن جدوجہد اسے بدلنے کا واحد راستہ ہے۔