News Detail Banner

اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ کو ملک کی تاریخ کی کامیاب ہڑتال ہوگی، حافظ نعیم الرحمن

12گھنٹے پہلے

لاہو ر 25 اپریل 2025ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ہفتہ (کل) 26اپریل کو اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر شٹرڈاؤن ہو گا، وفاقی دارالحکومت سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دکانیں، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہیں گے، قوم فلسطینیوں سے اظہار محبت کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکا کی مذمت کرے گی۔

منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے اس عزم کااظہارکیا ہے کہ ہفتہ کی ہڑتال ملک کی تاریخ کی کامیاب ترین ہڑتال ہو گی، تاجر برادری اور دکاندار حضرات کی جانب سے نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتوں میں بھی دکانیں، کاروباری مراکز بند رکھے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہڑتال امریکا، اسرائیل اور بھارت کی شیطانی مثلث کے خلاف ہے جو پوری دنیا میں دہشت گردی کا سبب اور انسانیت دشمن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہڑتال پوری قوم کی جانب سے ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ تاجر تنظیمیں تمام اندرونی اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں اور دنیا کو پیغام دیں کہ وہ اہل فلسطین کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہڑتال سے پوری دنیا کو واضح پیغام جائے گا کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جاری نسل کشی برداشت نہیں کر سکتی، ہڑتال سے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو بھی پیغام ملنا چاہیے کہ وہ بے حمیتی ترک کریں اور اہل غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔