News Detail Banner

جماعت اسلامی جمہوری و نظریاتی تحریک، دیگر پارٹیاں خاندانی وراثتوں میں تبدیل ہو گئیں، امیر العظیم

15گھنٹے پہلے

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامتِ دین کی ایک ایسی نظریاتی تحریک ہے جو فرقہ واریت، مسلکی تعصبات اور ذاتی مفادات سے پاک ہے۔ دیگر دینی و سیاسی جماعتوں نے اسلامی نظام اور معیشت میں بہتری کے نعرے تو لگائے، مگر عملی طور پر قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے بجائے اپنے ذاتی سیاسی مفادات کو ترجیح دی۔
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی اطاعت و فرمانبرداری اور اسلامی نظام کے قیام کی داعی جماعت ہے۔ بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے حکومتِ الٰہیہ کے قیام کے لیے اس جماعت کی بنیاد رکھی تھی تاکہ ایک منظم، اصولی اور نظریاتی جدوجہد کے ذریعے پاکستان میں اسلامی نظام نافذ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیشتر سیاسی جماعتیں اب خاندانی جماعتیں بن چکی ہیں، جن میں قیادت وراثت میں منتقل ہوتی ہے۔ اس کے برعکس جماعت اسلامی نہ کسی فرد کی جاگیر ہے اور نہ ہی مخصوص خاندان کی میراث۔ یہ جماعت اسلامی، نظریاتی، فلاحی اور دستوری اصولوں پر قائم ہے جس میں ہر کارکن کو مکمل حق ملکیت حاصل ہے۔ جماعت کی قیادت کا انتخاب شورائی نظام کے تحت کیا جاتا ہے جس میں ہر رکن کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔
امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف پاکستان ہی نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کی خیرخواہ جماعت ہے، جس کی خدمات اور کردار کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ ملکی سطح پر جماعت اسلامی کی خدمت اور قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔