News Detail Banner

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صورتحال پر گرینڈ جرگہ کا انعقاد کرے گی

22گھنٹے پہلے

جرگہ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں ، قبائلی عمائدین کو مدعو کیا جائے گا، امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ
جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا میں جاری دہشت گردی ، امن عامہ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ”گرینڈ جرگہ “ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، قبائلی مشیران، عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو مدعو کیا جائے گا اور مشترکہ لائحہ عمل کی روزشنی میں سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
گرینڈ جرگہ کے انعقاد کا فیصلہ جمعرات کو اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی کے اہم اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، امیر خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، اور خیبرپختونخوا ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے شرکت کی۔
قائدین جماعت اسلامی نے صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، عوامی عدم تحفظ اور حکومتی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ہمیشہ قربانیاں دیتے آرہے ہیں، صوبہ میں پائیدار امن عوام کا بنیادی حق ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔