امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی، بجلی بلوں اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملک گیراحتجاج
21گھنٹے پہلے

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی، بجلی بلوں اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ملک گیراحتجاج۔
احتجاجی مظاہروں میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی،بجلی کے ہوشربا بلوں اور تیل و گیس کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
اسلام آباد میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کی، آبپارہ چوک میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں جب کہ پاکستان میں حکومت نے تین ماہ کے دوران چار بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔
لاہور میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حلقہ لاہور کے امیر ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضیا الدین انصاری نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، آئے روز بڑھتی مہنگائی نے لوگوں کے لیے دووقت کا کھانا مشکل بنا دیا ہے، حکمران عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے پر تلے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بجلی کے بل اورتیل کی قیمتیں کم نہ کیں تو ملک بھرکے عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور ان حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔
ملتان میں پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان اختر نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ہر پندرہ دن بعد پیٹرول مہنگا کر کے لوٹ مار کا نیا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں مگر عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی، سیکرٹری جنرل ملتان خواجہ عاصم ریاض، نائب امیر ضلع حافظ محمد اسلم، نائب امیر ضلعخواجہ صغیر احمد، میاں آصف اخوانی بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ ایف بی آر بدعنوانی اور دھونس کا نمائندہ بن چکا ہے۔ بجلی، پٹرول، گیس اور چینی کی قیمتوں پر فوری کنٹرول نہ کیا گیا تو عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم اوور بلنگ کے پورے نظام سے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، سلیبز کی شکل میں ایک متوسط گھرانے کو بھی کئی گنا مہنگی بجلی دی جاتی ہے، بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ، مختلف اقسام کے ٹیکسز اور سرچارجز شامل کر کے غربت میں پسے عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈال دیا۔ جماعت اسلامی اس ناانصافی کے خلاف ہر محاذ پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر حافظ طاہر مجید، حنیف شیخ اور عرفان قائم خانی نے خطاب کیا۔ لاڑکانہ میں ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادر علی کوسو کی قیادت میں جناح باغ سے پریس کلب تک مارچ کیا گیا، جبکہ مٹھی میں جماعت اسلامی کے دفتر سے کشمیر چوک تک ریلی نکالی گئی، جس سے میر محمد بلیدی، عبدالماجد اور وکیل سبحان سمیجو نے خطاب کیا۔
سکھر میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری مولانا حزب اللہ جکرو کی قیادت میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر حافظ امان اللہ تنیو، خیر محمد، رضا اللہ گھمرو اور دیگر موجود تھے۔ حافظ نصراللہ چنا اور مولانا حزب اللہ جکرو نے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے تمام ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء سمیت زندگی کی تمام بنیادی ضروریات عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
نوابشاہ میں چکرا بازار چوک پر احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ حکومت مہنگائی میں کمی کے جھوٹے اعداد و شمار پیش کر رہی ہے، جبکہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرے۔
جماعت اسلامی میرپورخاص کی جانب سے اسٹیشن چوک سے بلدیہ کمپلیکس تک نکالی گئی ایک بڑی احتجاجی ریلی کی قیادت امیر ضلع شکیل احمد فہیم نے کی۔ ریلی سے حاجی نور الٰہی مغل، ظفر اقبال مجاہد، محمد عاصم شیخ، ڈاکٹر مسعود عباس، عبدالرزاق ملک اور نادر خان نے بھی خطاب کیا۔