صنعتی ترقی کے لیے بجلی و گیس کے نرخوں کا کم ہونا لازم ہے، لیاقت بلوچ، امیر العظیم
1دن پہلے

صنعتی ترقی کے لیے بجلی و گیس کے نرخوں کا کم ہونا لازم ہے، لیاقت بلوچ، امیر العظیم
قائدین جماعت اسلامی کا ”میرا برانڈ پاکستان“ نمائش کا دورہ، مقامی مصنوعات کے معیار کو سراہا
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے، مقامی مصنوعات کے فروغ سے ہی معیشت میں بہتری آ سکتی ہے۔ تاجربرادری بہتر پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار قائدین جماعت نے ایکسپو سنٹر لاہور میں جاری ”میرا برانڈ پاکستان“ نمائش کے دورہ کے موقع پر کیا۔
صدر پاکستان بزنس فورم اعجاز تنویر، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر خالد عثمان، صدر تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری، عبدالودود علوی شیخ عاصم شفیق علی عمران حافظ محمود معاذ قاضی احمد سلمان بلوچ ودیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لیاقت بلوچ اور امیر العظیم نے تاجروں سے ملاقاتیں کیں، مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور مصنوعات کے معیار کو سراہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ ملکی صنعت کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا، معیشت کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے کہ حکومت عوام اور صنعتوں پر ٹیکسوں کے بے جا بوجھ کو ختم کرے۔ انھوں نے کہا کہ سود کی لعنت اور آئی ایم ایف کی بدترین شرائط سے معیشت اور صنعت کا پہیہ جام ہو گیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے ویژن سے بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو آئی ٹی پروگرام سے باعزت روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن تاجر برادری کی ہر سطح پر ترجمانی کر رہے ہیں، اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تاجر طبقات بھی ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
امیر العظیم نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان“ پر قوم کے ہر فرد کو فخر ہونا چاہیے، اس اقدام سے صنعتوں کو فروغ اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرے اور بجلی گیس کے نرخوں اور ٹیکسوں میں کمی کی جائے۔ پاکستان بزنس فورم نے ”میرا پاکستان برانڈ“ کو پوٹینشل فراہم کیا ہے۔
جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنما ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے ثمینہ سعید عظمیٰ گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ”میرا برانڈ پاکستان“کو پروموٹ کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی، ملک سے محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ پاکستانی قوم پاکستانی مصنوعات کا استعمال کرے۔