بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غربت میں کمی نہیں آئی، ورلڈ بنک کی تازہ رپورٹ کے مطابق آخری تین سال میں غربت کی شرح 18.3 سے بڑھ کے 25.3 ہوگئی ہے، حافظ نعیم الرحمن
3دن پہلے

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غربت میں کمی نہیں آئی، ورلڈ بنک کی تازہ رپورٹ کے مطابق آخری تین سال میں غربت کی شرح 18.3 سے بڑھ کے 25.3 ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی و دیگر حکومتی جماعتیں سچ تسلیم کریں، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمہ کے نام پر گزشتہ سترہ برس سے جاری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غربت میں کمی واقع نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی اور دیگر حکومتی جماعتیں شور نہ مچائیں، سچ تسلیم کریں۔
ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے عالمی بنک کی پاکستان میں شرح غربت سے متعلق حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہزاروں ارب سالانہ کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بے ضابطگیوں اور وڈیرہ شاہی کرپشن سے بھرا ہوا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ورلڈ بنک کی تازہ رپورٹ کے مطابق آخری تین سال میں غربت کی شرح 18.3 سے بڑھ کے 25.3 ہوگئی ہے جو 7 فیصد اضافہ ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے جو ہزاروں ارب آئی ٹی کی تعلیم کی فراہمی پر خرچ کیے جاتے تو ملک میں بڑا انقلاب آجاتا اور غربت کی شرح بڑھنے کے بجائے کم ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو خیرات نہیں حق دیا جائے۔
یاد رہے کہ عالمی بنک کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں چھ کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ملک میں گزشتہ برسوں کے دوران جو ترقیاتی ماڈل اپنائے گئے وہ غربت کم کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئے ہیں۔