اختیارات کی منتقلی میں کوئی روکاوٹ نہیں لیکن تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے پر متفق ہیں ٗحافظ نعیم الرحمن
23گھنٹے پہلے
اختیارات کی منتقلی میں کوئی روکاوٹ نہیں لیکن تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے پر متفق ہیں ٗحافظ نعیم الرحمن
پیپلز پارٹی وایم کیو ایم کا تعلق ہمیشہ مفادات پر مبنی رہا ہے،پیپلز پارٹی ووٹ نہ ملنے کا غصہ کراچی دشمنی کرکے نکال رہی ہے۔پریس کانفرنس
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بلاول کے وژن کی بات کرتے ہیں تو بتائیں کیا بلاول کا وژن کراچی کو موئن جو دڑو بنانا ہے؟ امیرجماعت اسلامی
امریکہ کاتمام عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ پر ان کی رہائش گاہ پر حملہ و اغوائ کھلی دہشت گردی ہے
کراچی:4 جنوری 2026ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی آمد کے موقع پراتوار کے روز موجودہ ملکی حالات ومسائل کے حوالے سے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں لیکن تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے پر متفق ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا تعلق ہمیشہ مفادات پر مبنی رہا ہے،عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے صرف مصنوعی لڑائیاں کی جاتی ہیں۔ عوام دونوں جماعتوں کو کلیتاً مسترد کر چکے ہیں، پیپلز پارٹی ووٹ نہ ملنے کا غصہ کراچی دشمنی کی صورت میں نکال رہی ہے۔صوبائی حکومت کراچی کے 3360 ارب روپے ہضم کر چکی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بلاول کے وژن کی بات کرتے ہیں تو بتائیں کیا بلاول کا وژن کراچی کو موئن جو دڑو بنانا ہے؟ چند بسیں لا کر افتتاح کرنے سے اہل کراچی کے ٹرانسپورٹ کے سنگین مسائل ہرگز حل نہیں ہوسکتے۔نفع بخش قومی اداروں کو بیچ دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ حکومت عوام کو جواب دے کہ ادارے کیوں فروخت کیے گئے۔ صورتحال یہ ہے کہ حکومت اب سرکاری اسکولوں سے بھی جان چھڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔اگر پنجاب حکومت کے فنڈز اور اس کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے تو ہزاروں ارب روپے کی کرپشن سامنے آ ئے گی، جبکہ سندھ کی تو مجموعی صورتحال ہی دل خون کے آنسو رلانے والی ہے۔امریکہ کاایک مرتبہ پھر تمام عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ پر ان کی رہائش گاہ پر حملہ واغوائ کھلی دہشت گردی ہے۔لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اس کھلی جارحیت پر کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2012 میں ہوئے، لاہور جیسے میٹروپولیٹن شہر کی حیثیت ٹاؤن تک محدود کر دی گئی، چیئرمین اور وائس چیئرمین عوام کی براہ راست رائے سے منتخب نہیں ہوں گے اور کونسلرز کے انتخابات کو بھی منڈی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بلوچستان، کوئٹہ،پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ہونے تھے جنھیں ملتوی کر دیا گیا۔ جماعت اسلامی پنجاب میں 15 جنوری سے عوامی ریفرنڈم کرے گی، پنجاب حکومت کے ظالمانہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف بھرپور احتجاج جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی نظام شفاف نہیں رہا، موجودہ نظام میں متناسب نمائندگی موجود نہیں اور کوئی بھی بڑی سیاسی جماعت انتخابی اصلاحات کے لیے آواز نہیں اٹھا رہی۔ اب تو انتخابات کے نام پر صرف قبضہ کیا جاتا ہے جیسا کہ کراچی میں میئر شپ پر قبضہ کیا گیا۔ عوام کا جمہوریت سے اعتماد ختم ہوگیاتو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ بحرانوں سے نجات کے لیے عوامی رائے کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کی مردم شماری میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کی آدھی آبادی کم کر دی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کے نعمت اللہ خان کے دورمیں پانی کے،کے تھری منصوبے کی تکمیل کے بعد سابق سٹی ناظم نے واضح کیا تھا کہ شہر کو ہر سال 100 ملین گیلن اضافی پانی درکار ہوگا، اسی بنیاد پر 2005 میں کے فور منصوبہ شروع کیا گیا، لیکن 20 سال گزرنے کے باوجود پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کو جس طرح بگاڑا گیا ہے اور گنجائش میں کمی کی گئی ہے اب اگر یہ منصوبہ بن بھی گیا تو وہ بھی صرف 40 فیصد ضرورت پوری کرے گا، جبکہ گھروں اور فیکٹریوں تک پانی پہنچانے کا نظام جو صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اس کے مکمل ہونے کا دور دور تک کوئی امکان موجود نہیں۔ 2012 سے کراچی سرکلر ریلوے کے افتتاح ہو رہے ہیں لیکن آج تک ٹرین نہیں چلی، جبکہ ایس تھری منصوبے کو 18 سال گزر چکے ہیں اور وہ بھی مکمل نہیں ہوسکا۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا بنیادی کام سیوریج کے مسائل حل کرنا اور گٹر ڈھکن لگانا ہے اوراس ادارے کے چیئرمین قابض میئر ہیں،واٹر کارپوریشن کی تمام ناکامیوں کی براہ راست ذمہ داری انہی پر عائد ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز جو کام کر رہے ہیں اس پر قابض میئر کو شکر گزار ہونا چاہیے۔ کراچی کے عوام سوال کر رہے ہیں کہ کب تک ان کے بچے گٹروں میں گرتے رہیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ امریکہ زوال کی جانب بڑھ رہا ہے اور خود امریکہ میں صدر ٹرمپ کے خلاف شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ایک طرف امریکی صدر کو ہمارے وزیر اعظم کی جانب سے نوبل انعام کے لیے بار بار کہا جاتا ہے، دوسری جانب امریکہ دنیا بھر میں مختلف ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے دو سال کے دوران 80 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے اور اربوں ڈالر کا اسلحہ فراہم کیا گیا۔ غزہ میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تمام دعوے خاک میں مل چکے ہیں، اب پوری دنیا کو سامراجی طاقتوں کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ پاکستان کی فوج کو کسی صورت غزہ نہیں بھیجا جانا چاہیئے،اگر ایسا کیا گیا تو فوج کا سامنا اسرائیل سے نہیں بلکہ حماس کے مجاہدین سے ہوگا جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ حکمران طبقہ یہ حقیقت سمجھ لے کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔شدید سردی اور بارشوں کے باوجود اسرائیل نے اقوام متحدہ کے اداروں اور این جی اوز کو کام کرنے سے روک رکھا ہے جس کے باعث صرف 20 فیصد ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں ممکن ہو پارہی ہیں۔پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امرائ کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، راجا عارف سلطان، سلیم اظہر، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈائریکٹر میڈیا سیل کراچی صہیب احمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔


