News Detail Banner

اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کرنے والے ہی دنیاو آخرت میں کامیاب قرار دیئے جائیں گے۔سید وقاص انجم جعفری

4گھنٹے پہلے

اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کرنے والے ہی دنیاو آخرت میں کامیاب قرار دیئے جائیں گے۔سید وقاص انجم جعفری
پاکستان آج دنیا میں کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اس کا جھنڈا سربلند ہورہا ہے۔ہم امن کے قیام کے لئے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی حکومتی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب

ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان سید وقاص انجم جعفری نے کہا ہے کہ مسلمان اللہ پر ایمان اور بھروسہ رکھیں تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی انہیں زیر نہیں کرسکتی۔اللہ کی واحدانیت اور حاکمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسلام کے غلبہ کی جدوجہد کرنے والے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہونگے۔ہم عقیدے اور نظریے کی بنیاد پر عوام کو متحد کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔اقتدار اور دنیاوی جاہ و جلال کے پیچھے بھاگنے والے آخر کار ناکام ہوتے ہیں۔عالم اسلام متحد ہو کر امت کے اجتماعی مفاد میں فیصلے کرے تو دنیا کو عدل و انصاف اور امن کا گہوارہ بنا یا جاسکتا ہے۔ پاکستان آج دنیا میں کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اس کا جھنڈا سربلند ہورہا ہے۔ہم امن کے قیام کے لئے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی حکومتی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظم تربیت گاہ حافظ سیف الرحمن بھی موجو د تھے۔
سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ اسلام سے بڑھ کر انسانیت کا تحفظ دنیا کا کوئی اور مذہب اور نظام نہیں کرسکتا۔عالمی سامراج اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہے اور اس کا راستہ روکنے کے لئے بے پناہ وسائل جھونک رہا ہے مگر اللہ کا وعدہ ہے کہ یہ لوگ ناکامی سے دوچار ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر قرضوں کی سودی معیشت کی وجہ سے آج ملک میں پیدا ہونے والا بچہ بھی ساڑھے تین لاکھ کا مقروض ہے۔لوگوں کو تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتیں میسر نہیں،عدل و انصاف کانظام ناپید ہوچکا ہے۔اقتدار پر قابض لوگوں کے چہرے بظاہر بڑے روشن اور ٹھاٹھ باٹھ نظر آرہے ہیں اندر سے وہ اتنے ہی کھوکھلے اور ناکام ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قدم مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔جماعت اسلامی مزدوروں کسانوں خواتین اور نوجوانوں میں مقبول ہورہی ہے اور ہماری دعوت تیزی سے پھیل رہی ہے۔جماعت اسلامی ملک میں اپنا ایک مقام پید ا کرچکی ہے۔جس دن بھی ملک میں آزادانہ انتخابات ہوگئے جماعت اسلامی ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔