News Detail Banner

جماعت اسلامی قومیت و خاندان پر نہیں، بلکہ ایک امت پر یقین رکھتی ہے،امیر العظیم

2سال پہلے

لاہور26اگست2021ء

    سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جب تک سیاست کے ایوانوں میں دین کا دروازہ نہیں کھلتا اس وقت تک ملک میں امن، روزگار اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ جماعت اسلامی قومیت و خاندان پر نہیں، بلکہ ایک امت پر یقین رکھتی ہے۔ امریکہ کے اشاروں پر چلنے والی جماعتوں کے منشور ضرور الگ الگ ہیں، مگر کرتوت ایک جیسے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی ودینی جماعت ہے جو ایک نظریے و فکر کی بنیاد پر 80 سال سے قائم ہے، جس کی پوری قیادت کرپشن سے پاک ہے اور جس کے ارکان پارلیمنٹ میں استحقاق رکھنے کے باوجود پارٹی فیصلے کے مطابق کوئی سرکاری پلاٹ حاصل نہیں کیا۔ دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں ہے جو 80 برس تک قائم ہو یہ اعزاز صرف جماعت اسلامی کو حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدین میں جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔قبل ازیں قیم جماعت کا پیر چوک بائی پاس پر شاندار استقبال اور گاڑیوں کے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا۔ جلسے سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب قیم مولانا عبد القدوس احمدانی، امیر ضلع سید علی مردان شاہ گیلانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

    امیر العظیم نے بدین پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جب تک پاکستان کے سیاستدان ملک کو لوٹنا بند نہیں کریں گے، اس وقت تک ملک مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ افغانستان افغانوں کا ہے۔ امریکی مداخلت کے خاتمے کے بغیر افغانستان سمیت خطے میں قیام امن و استحکام ممکن نہیں ہے۔ جھوٹ کی بنیاد پر افغانستان پر حملہ اور لاکھوں لوگوں کو شہید اور بے گھر کرنے کا حساب کتاب دینے کی بجائے ابھی تک قائم نہ ہونے والی طالبان حکومت پر شرائط و شرارتیں کر رہا ہے جوکہ امریکی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ 

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزارت خارجہ کے ترجمان کا عالمی برادری کی طرف دیکھنے کا بیان افسوس ناک اور امریکی رضامندی کی طرف اشارہ ہے۔ دریں اثناء انھوں نے پریس کلب کے سابق صدر اللہ رکھیو نعیم کی وفات اور سینئر صحافی محمد علی بلیدی کی والدہ کی وفات پر لواحقین سے تعزیت، مرحومین کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کی۔

    امیر العظیم نے کہاکہ ہمارامعاشرہ انحطاط کاشکار ہے اس کی وجہ سے ہمارے ہاں دودھ بھی خالص نہیں ملتا۔ملک میں بجلی کی قیمت دن بدن بڑھ رہی ہے۔ بیوروکریٹ اورحکمران مل کر مہنگائی کررہے ہیں۔ بجلی کی ایک تقسیم کارکمپنی نے  ایک من پسندبیوروکریٹ میاں منشاء کی کمپنی سے مہنگے نرخوں پربجلی خریدنے کامعاہدہ کیاہے اوریہ رقم عوام کی جیب سے نکالی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے اوراس کے لیے جماعت نے بہت قربانیاں بھی دی ہیں۔