News Detail Banner

آئین وقانون سے انحراف،بد انتظامی اور کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے،امیرالعظیم

2سال پہلے

لاہور27اگست2021ء

    جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ آئین وقانون سے انحراف،غیر جمہوری رویے، بد انتظامی اور کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ جماعت اسلامی کو جب بھی اختیار ملا، ہم نے دیانتداری کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور خدمت کی عمدہ مثالیں قائم کیں۔ سراج الحق، نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی کو عوام ان کی خدمت، دیانت اور صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانتے ہیں۔ وہ حیدرآبادمیں جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس عوامی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ عوامی کنونشن سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، ضلع حیدرآباد کے امیر عقیل احمد خان، عبدالوحیدقریشی، حافظ طاہر مجید،ظہیر الدین شیخ، عبدالقیوم شیخ، ڈاکٹر سیف الرحمن اور مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ 

    امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی دنیا کی واحد جماعت ہے جو80 سال گزر جانے کے باوجود قائم و دائم اور اقامت دین کی جدوجہد کررہی ہے۔ یہ کسی گروہ بندی اور موروثیت کا شکار نہیں ہوئی جبکہ ہر جماعت موروثی ہے اور اسکے کئی دھڑے بن گئے ہیں۔ حتیٰ کہ مسلم لیگ میں تو حروف تہجی بھی مکمل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں طالبان کی کامیابی میں بڑا سبق ہے۔ ہمارے ملک کی جماعتوں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے، لیکن افسوس ہے کہ ان جماعتوں نے طالبان کی کامیابی تو کجا امریکہ کی شکست اور بھاگنے پر بھی لب کشائی نہیں کی۔ امیر العظیم نے کہا کہ ان جماعتوں میں ظاہری اختلاف سہی لیکن امریکہ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی میں یہ سب ایک ہیں۔ عوام جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائے تو ہم خدمت و دیانت کی مثال بنیں گے۔علاوہ ازیں قیم جماعت اسلامی نے ٹھٹہ، علی پور اور ٹنڈو محمد خان میں بھی اجتماعات سے خطاب کیا۔