News Detail Banner

حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ڈھونگ رچا کر انجینئرڈ اور ڈیجیٹل دھاندلی مسلط کرنا چاہتی ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

 لاہور27 ستمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو ناکام لیڈر ثابت کردیا ہے۔ وفاق، پنجاب، کے پی کے میں حکومتی کارکردگی، کراچی میں کامیابی اور بلوچستان میں اتحادی حکومت نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا۔ عملاً ہر سطح پر حکومتی پارٹی کے اندر کے بحرانوں نے ملک کے لئے بڑی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ انھوں نے بونیر، وزیرآباد، علی پور چٹھہ میں عوامی اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن نے تین سالہ دورِ اقتدار میں تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکس ٹیرف میں مسلسل اضافے سے پیداوار  ی لاگت ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے۔ کاروباری سرکل رُک گیا ہے اور صنعتی پہیہ جام ہو رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتفاق رائے ضروری ہے۔ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ڈھونگ رچا کر انجینئرڈ اور ڈیجیٹل دھاندلی مسلّط کرنا چاہتی ہے۔ انتخابات کنڈکٹ کرنے والی مشینری کی نیت ٹھیک نہیں ہو گی تو مشین بھی خراب ہو گی۔ شفاف غیرجانبدارانہ اور بااعتماد انتخابی نظام قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے ضروری ہے۔ جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات کے لئے قومی قیادت سے رابطہ کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات اِسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عدلیہ، میڈیا،سوِل بیوروکریسی پر مسلسل غیر آئینی غیرقانونی حملے کر رہی ہے۔ اداروں کو بے بس بنا کر سِول ملٹری آمرانہ حکمرانی کا نیا نظام لایا جا رہا ہے۔ ریاستی طاقت سے مقتدر طبقے ہمیشہ اپنے نتائج تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن اِس کے نتائج بہت بھیانک ہوتے ہیں۔ تمام جمہوری قواتیں اور ریاستی ادارے آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، آزاد ذمہ دار میڈیا اورخودانحصاری کے اقتصادی نظام پر یک آواز اور ہم آہنگ ہو جائیں۔