عمران خان سرکار کی نااہلی ماضی کے ناکام کرپٹ حکمرانوں کو آکسیجن فراہم کر رہی ہے،لیاقت بلوچ
2سال پہلے
لاہور10نومبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے طلبہ حقوق کارواں اور ساہیوال، لاہور میں سیاسی رہنماؤں اور بلدیاتی قومی صوبائی حلقوں کے امیدواران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عمران خان نے بجلی کے بل جلائے۔ مہنگائی پر سِول نافرمانی تحریک کے اعلانات کیے، لیکن اپنے عوام دشمنی، بدانتظامی کے بدترین اقتدار میں مضحکہ خیز بے بنیاد دلیلیں دے رہے ہیں۔ڈالر،بیرونی اور اندرونی قرضے بے تحاشا بڑھ گئے۔ تجارتی خسارہ، سرکلرڈیٹ، افراطِ زر خوفناک صورت حال اختیار کر گیا ہے۔ عمران خان سرکار کی نااہلی، ناکامی، بے تدبیریاں ماضی کے ناکام کرپٹ حکمرانوں کو آکسیجن فراہم کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک، امریکا یورپی دباؤ، جاگیردار، سرمایہ دار، ذخیرہ اندوز اور کرپشن عوام کے لئے تذلیل اور تباہی کا باعث بن گئی ہے۔ جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج اور 17 نومبر طلبہ،28 نومبر نوجوانوں کا مارچ حکومت کو جھنجھوڑے گا۔ نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے گا۔
لیاقت بلوچ نے طلبہ حقوق کارواں سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہمیشہ طلبہ حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑی اور کامیاب جنگ لڑی۔ ایٹم بم کی صلاحیت ملک کے دفاع کے لئے بڑی طاقت ہے۔ علم، ٹیکنالوجی، سائنس تحقیق ترقی اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ دفاع کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیم کے لئے بجٹ مقرر کریں۔ طلبہ کے جمہوری حقوق بحال کیے جائیں۔ 25 فیصدتعلیم یافتہ ہنرمند نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرے گی۔ ہم کِسی ذاتی مفادات کے تحت عوام کو تنہا اور مایوس نہیں کریں گے۔ پٹرول، بجلی، آٹا، گھی، دال، سبزیاں، ادویات خریدنا عوام کی سکت اور طاقت سے باہر ہوچکی ہیں۔ وزیرِاعظم عمران خان اپنی تقاریر میں کب تک ہوائی فائرنگ کرتے رہیں گے، اب حکومتی ڈرامہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ بااختیار بلدیاتی نظام، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات، وزیراعظم، وزیراعلیٰ مستعفی ہو جائیں اور عوام سے نئے مینڈیٹ کے لئے رجوع کیا جائے۔ آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام کا بچاؤ قبل از وقت انتخابات ہی ہیں۔