News Detail Banner

پارلیمنٹ اجلاس کا التوا حکومتی بے تدبیری اور غیر جمہوری رویہ کا شاخسانہ ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے


لاہور11نومبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے انتخابی، سیاسی، قومی امور شعبہ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کاالتوا حکومتی بے تدبیری، غیر جمہوری، غیر پارلیمانی رویہ کا شاخسانہ ہے۔قانون سازی حساس قومی معاملہ ہے۔ عمران خان سرکار ہر قومی، عوامی معاملہ کو تقریروں اور پریس ٹاک سے حل کرنا چاہتی ہے۔قومی معیشت تباہ حال ہے، عوام مہنگائی، بے روزگاری سے عاجز ہو گئے ہیں۔ حکومت کوغریب عوام کا کوئی احساس نہیں۔ حکومت صرف ظالم اشرافیہ کی سرپرستی کر رہی ہے۔ عمران خان کو اُن کے بِلا سوچے سمجھے دعوئے اور بڑھکیں رسوا کر رہی ہیں۔ ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا معاملہ بھی حکومتی احمقانہ حکمت عملی کی وجہ سے متنازع ہو چکا ہے۔ آئین کی مکمل بالادستی اورعملدرآمد سے ہی بحران ختم ہوں گے۔شخصیات اوراداروں کی بالا دستی ہی بحرانوں کے مراکز ہیں۔

لیاقت بلوچ نے اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی اور سیکرٹری جنرل شکیل احمد سے ملاقات میں کہا کہ حقوق طلبہ تحریک ملک بھر کے  طلبہ کے مسائل کے حل کے لئے بروقت جدوجہد ہے۔ والدین کے لئے اپنی اولاد کو اعلیٰ تعلیم دلانے کا خواب دم توڑتا جا رہا ہے۔ اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے محروم ہیں۔ کالجز اوریونیورسٹیز کے واجبات بے تحاشا بڑھ گئے ہیں، یونیورسٹیز کے لئے ریسرچ کا اہم ترین محاذ بڑی مشکلات کا شکار ہیں۔ 18 سال کا نوجوان قومی انتخابات کا ووٹر ہے، لیکن طلبہ کو جمہوری حقوق سے محروم کرنا نئی نسل کے ساتھ ظلم ہے۔ 17 نومبر اسلام آباد میں حقوق ِ طلبہ کارواں تاریخ ساز مظاہرہ ہو گا۔

لیاقت بلوچ نے سید مودودیؒ میموریل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے ساری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں گزاری۔ قرآن وسنت کے نظام کی دعوت سے ذہن کردار سازی کا دینی فریضہ ادا کیا۔ جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام کا اثر ہے، اسی لیے عوام تسلیم کرتے ہیں کہ مودودی رحمہ اللہ نے ایسی بات کی دعوت دی ہے کہ اسے قبول کرتے ہیں تو دُنیا برباد ہوتی ہے، رَد کرتے ہیں تو آخرت برباد ہوتی ہے۔ مودودی کی تحریک اور پیغام ہی عوام کی طاقت بنے گا۔