News Detail Banner

خان زادوں، نواب زادوں اور شہزادوں سے جان چھڑا کر جمہوری اور پر امن طریقہ سے اسلامی انقلاب لانا ہوگا،سراج الحق

2سال پہلے


لاہور18نومبر2021ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ عوام کو جواب دہ نہ سمجھنے والی حکمران اشرافیہ کو عوام نے ہی کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔ خان زادوں، نواب زادوں اور شہزادوں سے جان چھڑا کر جمہوری اور پر امن طریقہ سے اسلامی انقلاب لانا ہوگا۔جوائنٹ سیشن میں جس طرح حکومت نے سات،آٹھ ووٹوں کی اکثریت سے پورا نظام بلڈوز کیا ہے یہ بدترین آمریت ہے۔ایک ایسا معاملہ جس کا تعلق صرف سرکاری پارٹی سے نہیں 22کروڑ عوام سے ہے اس میں بھی حکومت نے اپوزیشن کی بات نہیں سنی۔ گزشتہ سوا تین سالوں سے یہ حکومت ون ویلنگ کررہی ہے۔پی ٹی آئی نے کبھی بھی اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی۔قوم کو یہ بھی معلوم کہ بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ہرمعاملے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔ایوان میں مفادات پر لڑائی ہوتی ہے عوام کی کسی کوئی فکر نہیں۔ پی ٹی آئی کی حکمرانی ہویا ن لیگ، پی پی اقتدار میں آئے، سب کا مقصد ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ چند خاندانوں کے لوگ سالہا سال سے لوگوں کی گردنوں پر سوار ہیں۔ حکمران طبقہ ہر دفعہ قوم کو دھوکہ دے کر کرسی اقتدار پر براجمان ہو جاتا ہے۔ اقتدار میں آکر ان حکمرانوں کا ایک ہاتھ عوام کی جیبوں میں دوسرا ملک کے وسائل پر ہوتا ہے۔ حکمرانوں کے چہرے اب بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں۔ پانامہ لیکس اور پینڈورا پیپرز نے ان سب کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔ عوام سے اپیل ہے کہ اب مزید ان حکمرانوں کے دھوکے میں نہ آئے۔ جماعت اسلامی واحد آپشن کے طور پر میدان عمل میں موجود ہے۔ ہم اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود محدود وسائل سے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ قوم جماعت اسلامی کی ملک میں اسلامی نظام لانے کی جدوجہد کا ساتھ دے۔ اقتدار میں آکر ملک کے مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پشاور نے چھبیس جوڑوں کی شادی کے اخراجات اٹھائے۔ امیر جماعت نے شادی کے بندھن میں بندھنے والوں کو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکباد دی۔ امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن اور الخدمت کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ 

سراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں اوردیگر شرکا کو بتایا کہ الخدمت نے اب تک پانچ سو پچاس افراد کی شادیوں کا بندوبست کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الخدمت صحت اور دیگر شعبوں میں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ الخدمت نے ملک بھر میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم کے بندوبست کے لیے ادارے قائم کیے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں میں مدد کریں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ اس وقت قوم پر جو نظام مسلط ہے اسی سے جان چھڑانے کے لیے ہمارے سب کے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں اور پاکستان بنایا۔ مگر تمام وسائل کے ہوتے ہوئے آج پاکستان کا حال سب کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی ریاست مدینہ کا نام لے کر عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار میں آئی اور سوا تین سال گزرنے کے باوجود ایک قانون بھی ایسا نہیں بنایا جو مدینہ کی فلاحی ریاست کی جانب سفر کی بنیاد رکھے۔ مہنگائی اور بے روزگاری پی ٹی آئی کے عوام کو دیے گئے تحفے ہیں۔ یہ حکومت اپنے مفادات کے بل اسمبلیوں سے پاس کروا رہی ہے۔ کرپشن اور لاقانونیت کا دور دورہ ہے اور ملک کے ہر کونے میں لوگ پریشان ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ دو بڑی اپوزیشن جماعتیں بھی اسی ٹولہ کا حصہ ہیں اور اس سے قبل اقتدار میں رہ چکی ہیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ اب مزید اس حکمران طبقہ کی باتوں میں نہ آئے بلکہ تمام آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سود کا خاتمہ کرے گی، عدالتوں میں اسلامی نظام نافذ کیا جائے گا۔ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کرکے اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔