News Detail Banner

ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہونا بہت ضروری ہے،حافظ محمد ادریس

2سال پہلے

لاہور19نومبر2021ء

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماحافظ محمدادریس نے کہا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہونا بہت ضروری ہے۔ لوگوں کے تمام دکھوں کامداوا دین کے نفاذ میں ہے۔ شریعت کے مطابق قانون سازی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ منہ زور مہنگائی کے گھوڑے کو لگام دینا بہت ضروری ہے۔عوام چند نوالوں کے لیے ترس گئے ہیں۔ بے روزگاری کا سونامی حکمرانوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا۔ پڑھے لکھے نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے در  در کے دھکے کھا رہے ہیں، ان کے لیے کوئی روزگار نہیں۔ نوجوان نسل میں مایوسی پھیل رہی ہے، غربت کو عوام کا مقدر بنادیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔

    حافظ محمد ادریس نے کہا کشمیر میں ظلم وستم کی انتہا ہوچکی، ہر روز نوجوانوں کا قتل لمحہ فکریہ ہے۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ورثا ء کو نہ دینا اور شہدا کی لاشوں کے ساتھ مذاق کرنے سے فرعونیت کی یاد تازہ ہوگئی ہے۔ حکمران کشمیر مسئلہ پر ایسے خاموش ہوگئے جیسے انہیں سانپ سونگھ گیا ہو۔ انسانی حقو ق کے علمبرداروں کو کشمیر میں ظلم و ستم نظر کیوں نہیں آتا۔