خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے بنا رہی ہے،سراج الحق
2سال پہلے
لاہور19نومبر2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے بنا رہی ہے۔ کے پی میں بلا بدنام ہوگیا۔ حکمرانوں کو اپنی غیرمقبولیت کا یقین ہے اسی لیے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے منصوبے ابھی سے تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ اس سے بڑھ کر کیا ظلم ہوگا کہ غریب اپنے بچے کو سکول نہیں بھیج سکتا اور والدین کا علاج افورڈ نہیں کرسکتا۔ اسباب نہ ہونے کی وجہ سے غریبوں کی بچیاں گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہوجاتی ہیں۔ اس حکومت نے تعلیم کو عام طالب علم کی پہنچ سے دور کردیا۔ سٹوڈنٹس اپنے حق کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ اربوں ڈالر کا قرضہ لیا گیا، نہیں معلوم رقم کہاں گئی۔ قوم حساب چاہتی ہے۔ کرپشن کے خلاف جنگ کرنے کے دعوے داروں نے مافیاز کو مضبوط کیا۔پی ٹی آئی کے سوا تین سال میں نااہلی کی داستانیں رقم ہوئیں۔ موجودہ حکومت سابقہ ادوار کا تسلسل ہے، تبدیلی کے دعوے جھوٹ اور فراڈ ثابت ہوئے۔ قوم آئندہ الیکشن میں حکمران ٹولہ کا محاسبہ کرے۔ جاگیرداروں اور وڈیروں کو عوامی طاقت سے خیرباد کہنا ہوگا۔ پاکستان کو اسلامی نظام چاہیے۔ اللہ کا نظام انسانوں کی دنیاوی اوراخروی زندگی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ہمیں مل کرپاکستان کی تقدیر سنوارنی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر غریب طبقات کو اوپر اٹھائے گی اور عوام کی مایوسیوں اور محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں بلدیاتی امیدواروں کے اجلاس اور لوئر دیر میں کارکنان جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پشاور میں اجلاس کے دوران امیر جماعت نے ضلع اور تحصیلوں کے امیدواران کو جماعت اسلامی کے ٹکٹ جاری کئے۔ اس موقع پر بلدیاتی الیکشن سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور مشاورت کی گئی۔ امیر ضلع پشاور عتیق الرحمن اور دیگر قائدین بھی اجلاس میں شریک تھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ خیبر پی کے عوام غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں مشکل ترین زندگی گزار رہے ہیں۔ صوبہ میں لاکھوں نوجوان بے روزگار اور تبدیلی کو کوس رہے ہیں۔ صوبہ میں صحت کے شعبہ میں انقلاب کے دعوے کرنے والے حقائق کو جھٹلا رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہ حال ہے۔ مختلف محکموں میں کرپشن کی داستانیں زبان زدِ عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آٹھ برسوں سے صوبہ میں حکومت کررہی ہے مگر حالات میں بہتری کی بجائے مزید ابتری آئی۔ انہوں نے کہاکہ کے پی اور بلوچستان کے عوام کو سی پیک میں ان کے مطالبہ کے مطابق حصہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کی محرومیوں کے ازالہ میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔ اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔ غریب دن بھر مزدوری کرتا ہے مگر ایک دن کا راشن نہیں خرید سکتا۔ پٹرول، بجلی، گیس عوامی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم آئے روز عوام کو پٹرول مہنگا ہونے کی خبر دیتے ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ قوم ظالموں کا ساتھ نہ دے اور اپنے حقوق کے لیے بلاخوف آواز بلند کرے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہماری جدوجہد اور محنت کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔اقتدار میں آکر انشااللہ ملک کو عظیم بنائیں گے۔ جماعت اسلامی عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی اور ملک کو سود کی لعنت سے نجات دلائے گی۔ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا اور ملکی وسائل عوام پر خرچ کریں گے۔